اسلام آباد میں افسوسناک واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود سری لنکا ٹیم نے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پاکستان اور پی سی بی کی سیکیورٹی یقین دہانیوں کے بعد سری لنکن ٹیم نے اپنا دورہ بعض تبدیلیوں کے ساتھ جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی تین ون ڈے میچوں کے بقیہ دو میچ اب 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم کے دورۂ پاکستان کے فیصلے پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی کا ثبوت ہے۔
Grateful to the Sri Lankan team for their decision to continue the Pakistan tour 🇵🇰🇱🇰.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 12, 2025
The spirit of sportsmanship and solidarity shines bright.
The ODI matches between Pakistan and Sri Lanka will be played on 14th and 16th November in Rawalpindi.#PakistanCricket #PAKvSL
اسلام آباد کچہری واقعے کے بعد سری لنکا ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں نے سیکیورٹی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واپس جانے کا کہا تھا۔ تاہم حکومتِ پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی یقین دہانی اور پی سی بی کی طرف سے غیر ملکی شخصیات کے برابر سیکیورٹی انتظامات کی ضمانت کے بعد سری لنکا ٹیم نے پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے ویڈیو لنک کے ذریعے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں کیے گئے حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا۔ سری لنکا بورڈ نے واضح کیا کہ جو کھلاڑی واپس آنا چاہیں گے انہیں روکا نہیں جائے گا البتہ جو اپس آنا چاہیں گے ان کے متبادل کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجا جائے گا۔

اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے نے بھی چیئرمین پی سی بی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات میں سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ٹی 20 ٹرائی سیریز 17 نومبر سے طے شدہ پروگرام کے مطابق شروع ہوگی۔
دیکھیں: اسلام آباد: خودکش حملے میں 12 افراد شہید، وزیرِ داخلہ کا سخت انتباہ