اسلام آباد: مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں اور سپلائی کے حوالے سے تشویش کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم شہزاد نے بتایا کہ پاکستان میں پہلے پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ 24 دن کا تھا جو اب بڑھ کر تقریباً چار ہفتوں تک پہنچ چکا ہے، جو ایک مستحکم سپلائی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ اور اپریل کے لیے تیل کے ذخائر مکمل طور پر دستیاب ہیں اور حکومت مسلسل اس میں بہتری لا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دباؤ سے نمٹا جا سکے، خاص طور پر عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے تناظر میں۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے غیر ضروری اخراجات میں کمی کر کے تقریباً سوا ارب روپے کی سپورٹ فراہم کی ہے، اور یہ پالیسی جاری رہے گی۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ قومی مفاد کے پیش نظر ذمہ دارانہ طرز عمل اپنائیں اور غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان کی موجودہ پالیسی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
دیکھئیے:پاکستان اور تاجکستان کا تجارتی اعداد و شمار میں ہم آہنگی اور سہ ماہی ڈیٹا شیئرنگ پر اتفاق