اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کے بعد عالمی رائے عامہ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں دنیا بھر میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے، حتیٰ کہ بھارتی صارفین بھی تعریف کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ڈیجیٹل تجزیاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 8 اپریل کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر تقریباً 71 فیصد صارفین نے ثالثی میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ تعریف پاکستان کے اندر سے سامنے آئی، تاہم امریکا اور بھارت کے صارفین کی جانب سے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس عمل میں بھارت کی عدم موجودگی پر اپنی حکومت پر تنقید بھی کی اور سفارتی سطح پر کردار ادا نہ کرنے پر سوالات اٹھائے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی سے قبل صورتحال اس کے برعکس تھی، جب تقریباً 91 فیصد صارفین پاکستان کے ثالثی کردار پر تنقید کر رہے تھے، تاہم حالیہ کامیابی کے بعد یہ رجحان یکسر تبدیل ہو گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تبدیلی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کی فعال سفارتکاری نے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا بلکہ عالمی سطح پر اس کے مثبت امیج کو بھی تقویت دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد پاکستان کا کردار ایک بااعتماد ثالث کے طور پر مزید مستحکم ہوا ہے، جس کے اثرات آئندہ سفارتی معاملات میں بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
دیکھئیے:سعودی وزیر خزانہ کا دورہ پاکستان؛ گوادر میں 10 ارب ڈالر آئل ریفائنری کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی