حکومتِ پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اہم ملاقات کی۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سلامتی کے شعبے میں تعاون سمیت متعدد امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے وہ دستاویزات بھی کیں جن میں دونوں افراد کے خلاف پاکستان میں زیرِ سماعت مقدمات اور ثبوت شامل ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر اور عادل راجہ مختلف قانونی کیسز میں پاکستان کو مطلوب ہیں، اس لیے ان کی فوری حوالگی ضروری ہے۔ محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک رہ کر ریاست اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے متعدد افراد کے خلاف بھی باقاعدہ ثبوت برطانوی حکام کے حوالے کیے گئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا احترام کیا جاتا ہے، تاہم بے بنیاد الزامات کسی بھی ریاست کے لیے سنگین مسئلہ ہیں اور پاکستان اس حوالے سے درست موقف پر قائم ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ گفتگو میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی حوالگی کے لیے برطانیہ کا تعاون اہم ثابت ہو گا۔