ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ آج، روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے، جذبات عروج پر ہوں گے، شاہین تاریخ رقم کرنے کوتیار ہیں، شام ساڑھے چھ بجے کولمبو میں میدان سجے گا۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک اپنے دو دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں ہی فتحیاب رہی ہیں، تاہم آج کے میچ کی فاتح ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑےمقابلے کے بارش سےمتاثر ہونے کےامکانات کم ہونے لگے،کولمبو میں آج بارش کے امکانات بتدریج کم ہو رہے ہیں، آج کولمبو میں مختلف اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم ریکارڈ کے اعتبار سے پاکستان پرحاوی ہے،دونوں ٹیمیوں کے درمیان اس فارمیٹ کےمیگا ایونٹ میں 8 مقابلے ہوئےجس میں سے 7 بھارت نےجیتے ہیں، صرف ایک میں پاکستان کو فتح ملی ہے۔
گرین شرٹس نے اس بڑے مقابلے سے پہلے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مکمل اور بھرپور پریکٹس کی ہے۔بڑے میچ کے لیے گرین شرٹس نے لگاتار دوسرے دن بھی بھرپور پریکٹس کی۔ بھارتی ٹیم نے بھی پریماداسا اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا، سوریا کمار یادو نے عثمان طارق سے نمٹنے کے لیے ان ہی کے انداز میں بولنگ کی۔
دونوں روایتی حریفوں کے اس ہائی وولٹیج مقابلے کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے کولمبو میں بڑے میچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، کولمبو میں پاکستانی مداح بے حد پر جوش ہیں۔