پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ سفیر طاہر حسین اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ کانفرنس دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیف اسلحہ اور اسلحے پر کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات ہوتے ہیں۔ جنیوا میں ہونے والی اس کانفرنس میں تمام جوہری قوتوں سمیت 65 رکن ممالک شامل ہیں۔
کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام اور خلا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے محفوظ رکھنے جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔ یہ 2026 کے اجلاسوں کی آخری صدارت ہے، جس کے بعد رواں سال کی کارروائی مکمل ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی سے متعلق مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔ سفیر اندرابی نے صدارت سنبھالتے ہی مشاورتی عمل بھی شروع کر دیا اور سابقہ صدر ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ تخفیف اسلحہ کانفرنس اور اس کے پیشرو ادارے حیاتیاتی و کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشنز اور جامع جوہری تجربات پر پابندی جیسے اہم معاہدوں میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کی صدارت، عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔ اس ذمہ داری سے پاکستان کو اسلحہ کنٹرول، عالمی امن اور سلامتی کے مباحثوں میں مرکزی مقام حاصل ہوگا، جو ملک کی بڑھتی ہوئی سفارتی حیثیت کا مزید ثبوت ہے۔
دیکھیے: بلوچستان: آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک