پمز ہسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم سی ایچ) وارڈ کی نرسری میں رات گئے ہولناک آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے سانحے کی تصدیق کر دی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ ایم سی ایچ وارڈ کی تیسری منزل پر پیش آیا، جہاں ایئرکنڈیشنر کے کمپریسر میں اچانک دھماکا ہوا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ نرسری میں موجود بچوں کو بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
ایک بچے کو بحفاظت نکال لیا
واقعے کے وقت نرسری میں بچے زیرِ علاج تھے۔ ڈیوٹی پر موجود ایک لیڈی ڈاکٹر نے اپنی جان پر کھیل کر ایک بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، تاہم دیگر 14 بچے شدید جھلسنے کے باعث دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے آتشزدگی کی وجوہات اور غفلت کا سراغ لگانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر صحت
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے، ڈی جی ہیلتھ اور سیکریٹری ہسپتال میں ہیں، میں کراچی میں ہوں اور اسلام آباد جارہا ہوں، متعلقہ حکام اور والدین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشن میں دھماکے کے بعد آگ لگی جو بہت تیزی سے پھیلی، دھماکے کے ساتھ ہی ہسپتال کی بجلی بھی چلی گئی تھی۔
دیکھیے: ملک بھر میں نبی آخر الزماں ﷺ کا یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے





