پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے تاحال کسی امیدوار کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ موجودہ وزیرِ اعظم انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی جا چکی ہے تاہم نیا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی ہدایات دے کر اپنے قریبی بندے کو مظفرآباد روانہ کردیا ہے جو پی پی کی جانب سے نئے وزیرِ اعظم کے امیدوار کا نام سامنے لائیں گے۔ پی پی کے قائدین کے مطابق یہ فیصلہ سیاسی توازن کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کو باضابطہ طور پر جمع کرانے سے قبل نئے وزیرِ اعظم کا نام درج کیا جائے گا کیونکہ قانونی ماہرین کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد میں متبادل امیدوار کا نام لکھنا ضروی ہے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے تصدیق کی ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے تحریکِ عدم اعتماد پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے متبادل نام کے حوالے سے مشاورت جاری ہے تاہم ابھی تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
فیصل راٹھور نے یہ بھی کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی وزیرِ اعظم کے امیدوار کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام فیصلے پارٹی قیادت کی مشاورت کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔
دیکھیں: کابل میں یومِ سیاہ کی تقریب؛ پاکستانی سفیر کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کا اعلان