صدر آصف علی زرداری نے آج بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر صدر زرداری کو دوطرفہ تعلقات کی فروغ میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں بحرین کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع و سلامتی کے شعبے کو دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے بحرینی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ فریقین نے پاکستان اور بحرین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو حتمی شکل دینے کی جانب پیشرفت کو بھی سراہا۔
عوامی سطح کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے،صدر زرداری نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ سولہ ہزار سے زائد پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں “دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل” قرار دیا۔ انہوں نے بحرینی حکومت کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اظہار تشکر بھی کیا۔ بادشاہ بحرین نے پاکستانی برادری کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
ثقافتی و تعلیمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے، دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں قائم “کنگ حمد یونیورسٹی” کو پاک بحرین دوستی کی ایک زندہ علامت قرار دیا۔ عالمی سطح پر، انہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے اور عالمی و علاقائی امور پر مشترکہ موقف اپنانے پر اتفاق کیا۔