پاکستان کے مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے اے پی ایس سانحہ کے 11 سال مکمل ہونے پر شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیرِ صدارت مختلف مذاہب کے نمائندہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مذہبی قائدین نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست، افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور استحکام کے لیے سب متحد ہیں۔
مذہبی رہنماؤں نے ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اقلیتیں تشدد اور ناانصافی کا شکار ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان میں مظالم کے خلاف فوری اقدامات اٹھائیں۔