سعودی عرب: ریاض کے ایئرپورٹ پر دو حملوں میں سعودی ایئرلائنز کے پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق حملوں میں ایئرپورٹ کی تنصیبات اور ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے حوثیوں کے میزائل لانچرز تباہ کرنے اور حملوں کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سعودی ایئرلائنز کے پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔ عرب نیوز کے مطابق پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات جبکہ دوسرے میں سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کی اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔
سعودی اتحاد کی جوابی کارروائی
سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن میں حوثیوں کے زیرِ استعمال تین میزائل لانچرز تباہ کردیے ہیں۔ اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق ریاض میں ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے کنڈرگارٹن اور میڈیکل کلینک کے کمپلیکس کو بھی نقصان پہنچا۔ اتحاد نے اس سے قبل یمن میں 82 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
او آئی سی کی مذمت
او آئی سی نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تنظیم نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کی حمایت کی، جبکہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حالیہ حملوں کے بعد سعودی عرب نے شہری تنصیبات کے تحفظ اور حوثیوں کی کارروائیوں کا جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔