خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں 16 اور 17 نومبر کو کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
بنوں اور ٹانک میں آپریشن
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران ایک خارجی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔





