وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا موقف مؤثر انداز میں پیش کرنا اور اہم بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کے اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کی میٹنگ اور خصوصی موسمیاتی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر سے ملاقات
نیویارک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے تجارت، سیاحت، ماحولیاتی تبدیلی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاحت کے شعبے میں وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔

وزیراعظم پاکستان اور کویت کے ولی عہد کی ملاقات
وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کویت کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت اور صحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

کویتی ولی عہد نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک صدر کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی۔ اس دوران ورلڈ بینک کے پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کے تاریخی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان اقدامات سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کو سنگ میل قرار دیا۔
اجے بنگا نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک ترقیاتی تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعظم پاکستان اور آئی ایم ایف سربراہ کی ملاقات
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف پر مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے اثرات کو جائزوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔

کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور اصلاحات میں شراکت داری کا یقین دلایا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر کی ملاقات
وزیراعظم نے سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، تعلیم، ثقافت اور دفاعی تعاون پر گفتگو کی۔

انہوں نے کرکٹ سمیت کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں استحکام کے لیے باہمی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم پاکستان اور بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر کی ملاقات
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی 80 اجلاس کی سائیڈ لائن پر دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں تعلقات بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
— HTN Urdu (@htnurdu) September 25, 2025
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں کثیر الجہتی تعاون بالخصوص تجارت، علاقائی تعاون اور دونوں… pic.twitter.com/40O3RBcA7O
اس دوران دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت، عوامی روابط اور علاقائی تعاون میں اضافے کو خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات آج ہوگی
وزیراعظم آج وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملیں گے۔ ملاقات شام 4:30 بجے اوول آفس میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک ہوں گے۔ یہ ملاقات حالیہ پاک-امریکہ تجارتی معاہدے کے پس منظر میں اہمیت رکھتی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی مسلم رہنماؤں سے ملاقات
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر صدر ٹرمپ نے متعدد مسلم رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں غزہ کی جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی بحران پر بات چیت کی گئی۔ قطر، ترکی، اردن، مصر اور انڈونیشیا کے رہنما بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے اس اجلاس کو “کامیاب” قرار دیا تاہم اسرائیل اس میں شریک نہیں تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کی ملاقات
وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پولیو کے خاتمے، غذائیت اور ڈیجیٹل تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی امدادی کوششوں کو سراہا اور کیش لیس ڈیجیٹل اکانومی کی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ دونوں نے صحت اور ڈیجیٹل ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اسپیشل کلائمیٹ ایونٹ سے خطاب
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے اسپیشل کلائمیٹ ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شدید ماحولیاتی چیلنجز کا شکار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 2030 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے وعدے سے زیادہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کے اقدامات میں شراکت داری کو ترجیح دے۔
دیکھیں: ٹرمپ کی شہباز شریف سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان سے ملاقات؛ سب سے اہم ملاقات قرار دے دیا