پشاور ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر تک گر گئی ہے، جس کے نتیجے میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے باعث متعدد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں جبکہ کئی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔
شدید دھند کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ 50 میٹر تک گرنے سے فضائی آپریشن متاثر ہوگیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق متعدد پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ چند پروازیں متبادل ایئرپورٹس منتقل کر دی گئیں۔
— HTN Urdu (@htnurdu) January 6, 2026
پی اے اے کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی پی آئی اے پرواز… pic.twitter.com/tv3jxNyx42
پی اے اے کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-258 کو خراب موسم کے باعث لاہور منتقل کر دیا گیا، جبکہ ابوظہبی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-218 کو کراچی اتار لیا گیا۔ اسی طرح دبئی سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-284 کو اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ دبئی سے آنے والی امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے-636 اور ابوظہبی سے آنے والی اتحاد ایئر ویز کی پرواز ای وائے-276 تاخیر کا شکار رہیں۔
ادھر پشاور سے بیرونِ ملک روانہ ہونے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ پشاور سے ابوظہبی جانے والی اتحاد ایئر ویز کی پروازاے وائے -277 اور پشاور سے دبئی روانہ ہونے والی امارات ایئرلائن کی پرواز اے کے-637 خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دن ساڑھے گیارہ بجے تک حدِ نگاہ ناقص رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث فضائی آپریشن میں مزید رکاوٹیں پیش آ سکتی ہیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کے بارے میں متعلقہ ایئرلائن سے تازہ معلومات حاصل کریں۔
دیکھیں: افغان سرحد بند ہونے سے پاکستان کی سکیورٹی صورتحال بہتر، دہشت گردی کے واقعات میں 17 فیصد کمی