افغانستان فریڈم فرنٹ نے شمالی افغانستان میں طالبان کی جانب سے عوامی مظاہروں کو طاقت کے ذریعے کچلنے اور مزاحمتی جنگجوؤں کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ 5 جنوری 2026 کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے تخار اور بدخشاں کے صوبوں میں معدنی وسائل کی غیر قانونی، بے لگام اور استحصالی کان کنی کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں پر براہِ راست فائرنگ اور شدید تشدد کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق اسی دوران صوبہ بغلان کے ضلع نہرین میں طالبان فورسز نے قومی مزاحمت کے ایک جنگجو کے جسدِ خاکی کی بے حرمتی کی، جو انسانی وقار، اخلاقی اقدار اور جنگی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فرنٹ نے کہا کہ ایسے اقدامات طالبان کی اخلاقی پستی، انسانی اقدار سے محرومی اور شمالی افغانستان میں ان کی نام نہاد حکومت کی مکمل ناکامی کو بے نقاب کرتے ہیں۔
Statement of the Afghanistan Freedom Front
— Afghanistan Freedom Front (@FREEDOMFRONTAFG) January 6, 2026
January 5, 2026
The Taliban group, through the use of live ammunition and extreme violence, has brutally suppressed public gatherings and protests opposing the reckless, unlawful, and exploitative extraction of mineral resources by… pic.twitter.com/q4Jk92P7Hh
افغانستان فریڈم فرنٹ کا کہنا ہے کہ شمالی افغانستان میں قدرتی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف عوامی بیداری اور مزاحمت میں تیزی آ رہی ہے، جس سے طالبان کی نام نہاد امارت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ مظاہرین پر تشدد اور شہداء کی بے حرمتی اس بات کا ثبوت ہے کہ طالبان اپنی بڑھتی ہوئی عوامی مخالفت، بے چینی اور غصے کے سامنے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔
بیان میں بغلان میں شہید ہونے والے کمانڈر ظفر کے جسد پر فائرنگ کو بزدلانہ، غیر انسانی اور وحشیانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ طالبان ملیشیاؤں کی کمزوری، مایوسی اور عوامی بغاوت کے خوف کا واضح اظہار ہے۔ افغانستان فریڈم فرنٹ نے اعلان کیا کہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ان کا قومی، دینی اور انسانی فرض ہے اور عوامی وسائل کو لوٹنے والے عناصر کو اپنے اقدامات کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
افغانستان فریڈم فرنٹ نے کہا کہ شمالی افغانستان میں طالبان اور ان سے وابستہ وسائل لوٹنے والے گروہوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ آخر میں فرنٹ نے کمانڈر ظفر اور حالیہ احتجاجی مظاہروں میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہلِ خانہ، ساتھیوں اور افغان عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
دیکھیں: افغان سرحد بند ہونے سے پاکستان کی سکیورٹی صورتحال بہتر، دہشت گردی کے واقعات میں 17 فیصد کمی