"> فرانس سے البانیا تک طلبہ بغاوتیں

فرانس سے البانیا تک طلبہ تحریکوں کا نیا رخ

تعلیمی نظام کی تباہی اور معاشی نابرابری کے خلاف فرانس سے البانیا تک سڑکوں پر نکلنے والے نوجوانوں نے واضح کر دیا ہے کہ ریاستیں اب مزید نوجوانوں کے مستقبل کا سودا نہیں کر سکتیں۔
فرانس سے البانیا تک طلبہ بغاوتیں

فرانس اور البانیا میں طلبہ تحریکیں تعلیم، معاشی نابرابری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نوجوانوں کے بڑھتے غصے کی عکاسی کرتی ہیں۔

October 19, 2026

فرانس اور البانیا اس وقت ایک نادیدہ ڈور سے بندھے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں تعلیمی ادارے اور سڑکیں عوامی اور طلبہ احتجاج کا میدان بنی ہوئی ہیں۔ فرانس اور البانیا کا حالیہ بحران محض دو مختلف یورپی ممالک کی مقامی بغاوت نہیں، بلکہ یہ جدید دور کے ابتر نظامِ تعلیم، معاشی نابرابری اور حکومتی بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کی بغاوت ہے، جو دنیا کے دیگر خطوں میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

دونوں ممالک کے طلبہ اور عوام کا غصہ مختلف وجوہات سے شروع ہوا، لیکن ان کا سب سے اہم اور مشترکہ نعرہ ایک تلخ حقیقت بن کر ابھرا ہے۔ یہ ایسا نعرہ ہے جو دونوں ممالک کی خراب صورت حال کی مکمل عکاسی کرتا ہے: ہمارا مستقبل اور ہمارے ادارے برائے فروخت نہیں ہیں۔

البانیا میں اس عوامی غصے کا مرکز فلیمنگو انقلاب بنا، جس کا آغاز البانیا کے محفوظ ساحلی علاقے اور جنگلی حیات کے مسکن میں ایک غیر ملکی اربوں ڈالر کے پرتعیش سیاحتی منصوبے کے خلاف ہوا۔ نایاب فلیمنگو پرندوں اور ماحول کے تحفظ سے شروع ہونے والے اس احتجاج نے اس وقت ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کر لی، جب طلبہ اور عام شہریوں نے دیکھا کہ ایک طرف وہ یونیورسٹیوں کی بے تحاشا فیسوں، تعلیمی بدحالی، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں، جبکہ دوسری طرف حکومت ملکی وسائل غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالے کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے فوری استعفے کے مطالبے کے ساتھ طلبہ نے وزارتِ تعلیم اور سپریم کورٹ کی عمارتوں پر پٹرول بموں سے حملے کیے اور انہیں آگ لگا دی، کیونکہ ان کے نزدیک جب ریاست اپنے شہریوں کے بجائے امیروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیح دیتی ہے، تو ایسے ادارے محض ناانصافی کے مراکز بن کر رہ جاتے ہیں۔

دوسری جانب، فرانس میں نیا تعلیمی سال شروع ہوتے ہی غریب مضافاتی علاقوں سے طلبہ کی تحریک اٹھی، جو جلد ہی پورے ملک میں پھیل گئی۔ فرانسیسی طلبہ اساتذہ کی شدید کمی، خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں اور یونیورسٹیوں کے سخت اور غیر شفاف داخلہ نظام کے خلاف سڑکوں پر آئے۔ فرانسیسی حکومت کی جانب سے تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں نے طلبہ میں یہ احساس مضبوط کر دیا کہ ریاست عام شہریوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کی ذمہ داری سے پیچھے ہٹ رہی ہے اور اسے ایک معاشی بوجھ سمجھ رہی ہے۔ سو سے زائد اسکولوں کی بندش، دارالحکومت میں پرتشدد جھڑپوں اور آنسو گیس کے دھویں نے فرانس کے پورے تعلیمی اور سیاسی نظام پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

البانیا میں ساحلی زمینوں کی تجارتی فروخت اور فرانس میں تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں کے ذریعے عام تعلیم کا معاشی استحصال، دراصل مستقبل کی تجارتی فروخت ہی کا حصہ ہیں۔ البانیا کا طالب علم جب وزارتِ تعلیم کی عمارت کو آگ لگاتا ہے یا فرانس کا طالب علم جب پولیس کے سامنے کھڑا ہوتا ہے، تو دونوں کا مؤقف ایک ہی ہوتا ہے کہ جب ریاست تعلیم اور وسائل کو شہریوں کا بنیادی حق ماننے کے بجائے خرید و فروخت کی چیز بنا دے، تو مزاحمت ہی واحد راستہ بچتی ہے۔

یہ عالمی صورت حال محض فرانس یا البانیا تک محدود نہیں ہے۔ اس وقت اسپین اور پرتگال میں نوجوان رہائش کے بے تحاشا اخراجات اور سرمایہ کاری کے فنڈز کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، اٹلی میں معاشی نابرابری کے خلاف سڑکیں بند کی جا رہی ہیں، جبکہ ماضی قریب میں بنگلہ دیش اور نیپال میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ جب ریاستوں نے اپنے نوجوانوں کے روزگار، تعلیمی حقوق اور شفافیت کو نظر انداز کیا، تو اسی جذبے نے کہ ہمارا مستقبل برائے فروخت نہیں، پوری حکومتوں کے تختے الٹ دیے۔

فرانس، البانیا اور دنیا بھر میں ابھرنے والی اس نئی طلبہ تحریک کا واضح پیغام یہی ہے کہ اگر ریاستیں اپنے بجٹ، پالیسیوں اور وسائل میں نوجوانوں کے تعلیمی اور معاشی مستقبل کو ترجیح نہیں دیں گی، تو گلی محلوں اور تعلیمی اداروں میں بڑھتا ہوا یہ غصہ حکومتی ایوانوں کو مفلوج کرتا رہے گا۔

متعلقہ مضامین

سعودی سفیر راجح طامی البقمی نے جی ایچ کیو میں عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں مکہ دفاعی معاہدے، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی۔

October 19, 2026

سرگئی لاوروف ایران پہنچ گئے، جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی کشیدگی، جنگ کے خاتمے اور دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے۔

October 19, 2026

چاغی کے دشوار گزار علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

October 19, 2026

مولانا فضل الرحمان کا سیاسی سفر: اصول یا مصلحت؟ کشمیر کمیٹی سے ڈی آئی خان کے نتائج تک ایک مختصر جائزہ۔

October 19, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *