وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں کے نصاب میں اخلاقیات کو بطور مضمون شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت انتہائی ضروری ہے اور یہ انسان کو باکردار اور کامیاب بناتی ہے۔
سہیل آفریدی نے گورنمنٹ شہید مبین شاہ آفریدی ہائر سکینڈری اسکول پشاور کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے عملے سے ملاقات کر کے تعلیم کا معیار، انتظامی امور اور طلبہ کی تربیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور ناپید سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر تمام طلبہ کو مفت درسی کتابیں فراہم کی جائیں تاکہ تعلیم تک سب کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
سہیل آفریدی نے اسکول انتظامیہ اور تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم پر توجہ دیں اور سرکاری اسکولوں میں موجود خامیوں کو دور کریں تاکہ طلبہ کی تعلیم و تربیت کے معیار کو بلند کیا جا سکے۔