تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں دیہی مرکز صحت دانوداندل میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے حاملہ خاتون سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 5 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا صحت مرکز میں کھڑی پی پی ایچ آئی کی ایمبولینس میں ہوا، جس کے بعد آگ لگ گئی اور ایمبولینس مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک حاملہ خاتون ایمبولینس میں موجود تھی اور عملہ آکسیجن سلنڈر لگا رہا تھا کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد آگ پھیل گئی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پی پی ایچ آئی کا ڈسپنسر، ایمبولینس ڈرائیور، چوکیدار اور ایک دیگر ملازم شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حاملہ خاتون اور ان کے دو تیماردار بھی جاں بحق افراد میں شامل ہیں۔
ریسکیو انچارج کے مطابق ایک شدید زخمی شخص سول اسپتال مٹھی منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہوگئی۔
ابتدائی رپورٹ میں جاں بحق افراد میں اسحاق تھیبو، ڈینو میگھواڑ اور پنڌی راجڑ کے نام سامنے آئے ہیں۔ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
امدادی کارروائیاں جاری
ریسکیو ٹیموں نے ایک شیرخوار بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ننگرپارکر کے مطابق انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور ٹاؤن حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ واقعے کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔





