پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 دسمبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج ہلاک ہو گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک اور علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید چھ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی بھرپور مہم جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ مسلسل کارروائیاں قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنی کوششیں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
دیکھیں: پاکستان میں ٹی ٹی پی کے حملوں میں افغان طالبان اور القاعدہ براہِ راست ملوث، این آر ایف