امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روسی تیل کی خریداری بند نہ کی تو بھاری محصولات ادا کرنے پڑیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ بھارت روس سے تیل کی خریداری بند کر دے گا۔ تاہم جب صحافیوں نے انہیں یہ کہا کہ بھارتی حکام نے تو اس وعدے سے انکار کیا ہے تو ٹرمپ نے سخت ردِ عمل دیتے ہوئے کہا پھر وہ بھاری محصولات ادا کرتے رہیں اور ہرگز وہ ایسا نہیں چاہیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے بھی اسی بات کا ذکر کرچکے ہیں کہ ہے نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا تھا کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا۔
ٹرمپ نے 15 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں دیے گئے بیان میں دعوی کیا تھا بھارت کی جانب سے یہ اقدام فی الفور تو نہیں ہو سکتا لیکن اس پرعمل شروع ہو چکا ہے۔
روسی تیل پر امریکی تحفظات
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بھارت کی روسی تیل کی مسلسل خریداری درحقیقت روس کی جنگی مشقوں کو مالی معاونت فراہم ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یہ بات پسند نہیں کہ بھارت روس سے تیل خرید رہا ہے۔
امریکا بھارت کشیدگی
ماہرین کے مطابق نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات حالیہ عرصے میں کشیدگی اختیار کرچکے ہیں۔ امریکا نے بھارتی مصنوعات پر محصولات 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیے ہیں، جس میں روسی خام تیل کی خریداری پر عائد کردہ اضافی ٹیرف بھی شامل ہیں۔