امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی 2025 فِسکل ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں پاکستان کی حکومتی اصلاحات، شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو سراہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے شفافیت کے میدان میں نمایاں پیشرفت دکھائی ہے جو ملکی اداروں پر اعتماد اور عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ساکھ کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔
شفاف مالی نظم و ضبط
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مالیاتی شفافیت میں مثبت نتائج دیے ہیں۔ خاص طور پر گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے کم مالی خسارہ حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک نے دانشمندانہ مالی پالیسیوں کے ذریعے اپنی ساکھ منوائی ہے۔
معیشت اور عوامی ریلیف
مہنگائی میں نمایاں کمی کو رپورٹ میں پاکستان کی مربوط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے عوام کی معاشی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ اسی طرح ترسیلات زر میں اضافہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے جو ملکی معیشت کے استحکام کی طرف اشارہ ہے۔
محصولات اور نگرانی کا نظام
رپورٹ میں پاکستان کی محصولات میں مسلسل اضافے کو ادارہ جاتی مضبوطی اور مالی شفافیت کے عزم کی علامت قرار دیا گیا۔ اسی طرح ترقیاتی فنڈز کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو پاکستان کی طویل المدتی قومی لچک کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ مضبوط نگرانی کے طریقہ کار پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں کہ ملک احتساب اور اچھی حکمرانی کو فروغ دینے میں سنجیدہ ہے۔
اصلاحات اور عالمی اعتراف
امریکی رپورٹ میں پاکستان کے ٹیکس اصلاحات کو بھی سراہا گیا جنہیں پائیدار ترقی اور معاشی انصاف کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی معلومات تک رسائی اور وہسل بلوور پروٹیکشن جیسے اقدامات کو پاکستان کی جمہوری احتساب کے لیے ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ نے واضح کیا کہ پاکستان کی اصلاحات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو اس کے اصلاحاتی راستے پر اعتماد اور عالمی معیار کے مطابق ہونے کا ثبوت ہے۔
دیکھیں: کابل میں امریکی وفد کی افغان اعلیٰ قیادت سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق