چینی صدر شی جن پنگ کے سرکاری اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا امریکا کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے۔ اگر امریکا دنیا کا احترام کھو بیٹھا ہے تو وہی سبق سیکھے گا جو ہر زوال پذیر سلطنت نے بہت دیر سے سیکھا، کہ ’دنیا کسی کےلیے نہیں رکتی، ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے۔‘
چینی صدر نے مزید کہا کہ اب سے سو سال قبل برطانوی سلطنت عالمی تجارت پر چھائی ہوئی تھی اور دنیا کی 20 فیصد دولت اس کے پاس تھی، لوگ سمجھتے تھے اس کا سورج کبھی نہیں ڈھلے گا تاہم اس کے زوال کی داستان سب کے سامنے عیاں ہے۔
تحریر میں لکھا گیا ہے کہ دو سو سال پہلے، فرانس یورپ کے افق پر چھایا ہوا تھا، اس کی افواج سے لوگ ڈرتے تھے، اس کی ثقافت قابلِ رشک تھی، نپولین نے خود کو لازوال قرار دیا تھا مگر دنیا نے اس کا بھی زوال دیکھا۔
پیغام میں یہ بھی رقم کیا گیا ہے کہ طاقت کمزور پڑ جاتی ہے، اثر و رسوخ بدل جاتا ہے اور قانونی حیثیت اسی لمحے دم توڑ دیتی ہے جب اسے حاصل کرنے کی بجائے خود پر فرض کر لیا جائے۔ اگر امریکا دنیا کا احترام کھو بیٹھا تو وہی سبق سیکھے گا جو ہر زوال پذیر سلطنت نے بہت دیر سے سیکھا ہے کہ دنیا کبھی کسی کے لیے نہیں رکتی، ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے۔