فلسطین: غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں خوفناک اضافہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے ایک دن میں 60 فلسطینی شہید جبکہ 343 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں امداد کے حصول کی کوشش کرنے والے 31 افراد بھی شامل ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا تھا اسرائیل کے تازہ حملوں کے بعد متعدد فلسطینی ملبے تلے دبے ہیں جبکہ ایمبولینس اور ریسکیو اہلکار ان تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2023 سے جاری اسرائیلی جاحیت کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والوں کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زیادہ شہری شدید زخمی ہیں۔
مزید یہ کہ امدادی خوراک حاصل کرتے ہوئے تقریباً دو ہزار فلسطینی شہید ہوئے جبکہ 14 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھوک و افلاس اور فاقوں کی وجہ سے بھی 266 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
چند روز قبل مزاحمتی تحریک حماس نے جنگ بندی منصوبے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ لیکن حالیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اسرائیلی جارحیت جنگ بندی کے معاہدے کو غیر معمولی نقصان پہنچا سکتی ہے
دیکھیں: اقوام متحدہ نے غزہ کو قحط زدہ قرار دے دیا، اسرائیلی فضائی حملوں میں بھی اضافہ