اسلام آباد میں 5 ستمبر کو افغانستان کے سفارتخانے نے حالیہ زلزلے کے شہداء کی یاد میں تعزیت نامہ کھولا۔ اس موقع پر میزبان ملک کے اعلیٰ حکومتی حکام، غیر ملکی سفارتکاروں، علما، صحافیوں اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنے دلی تعزیتی پیغامات درج کیے۔
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے صادق خان، وطن پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ آفتاب خان شیرپاو، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان، کسٹمز کے وفاقی محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاه سمیت کئی سیاسی و سماجی رہنما اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں روس کے سفیر البرٹ خوریف، قازقستان کے سفیر یرژان کستافین، ویتنام کے نائب سفیر فمان توان، اسلام آباد کے دارالافتاء کے سربراہ ڈاکٹر مفتی عقیل پیرزادہ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا صلاح الدین ایوبی، اور جماعت اسلامی کے امورِ خارجہ کے سربراہ آصف لقمان قاضی نے بھی شرکت کی۔
شرکاء نے افغان سفیر محمد سردار احمد شکیب سے ملاقات کی اور زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ متاثرہ خاندانوں کو صبر و ہمت عطا ہو اور شہداء کے درجات بلند ہوں۔
افغان سفارتخانے میں جاری اس دعائیہ تقریب اور تعزیتی پیغامات درج کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کے صوبہ کنڑ میں یکم ستمبر کو آنے والے زلزلے میں 2200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
دیکھیں: پاکستان نے افغان زلزلہ متاثرین کیلئے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا