راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، وہاں کا امن و استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے لیکن کسی بھی قسم کی سرحدی خلاف ورزی کا بروقت اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی سرحدی خلاف ورزی کا بروقت اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن لوگ ہیں اور صوبہ بلوچستان قدرتی ذخاٗر کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورانِ خطاب بلوچستان کے معاشی منصوبوں کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچ نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل بلوچستان کی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے بشرطیکہ وہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے ہٹ کر صوبے کی خوشحالی کے لیے جدو جہد کریں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی عناصرکی جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ان شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے محفوظ رکھا جاسکے۔
فیلڈ مارشل عاصم کے خطاب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ جس میں حاضرین نے بلوچستان کی ترقی اور سلامتی سے متعلق سوالات کیے۔
دیکھیں: تاتیرہ اچکزئی کیس، بلوچستان میں ابھرتا سب نیشنلزم اور ریاست کیلئے چیلنجز