ضلع ٹانک میں تھانہ گومل کی حدود میں ہونے والے ایک دھماکے میں سات پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے ہیں، جن میں تھانہ گومل کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ ایک بکتر بند پولیس گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا، جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ دھماکا ایک نصب شدہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا، جس نے پولیس گاڑی کو براہ راست نشانہ بنایا۔ دھماکے کی زوردار آواز دور دور تک سنی گئی اور مقامی لوگ گھبرا کر واقعہ کے مقام پر جمع ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند اور پیشگی تیاری کے ساتھ کیا گیا حملہ تھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں ناکہ بندی کر دی ہے اور مشکوک افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
صوبائی پولیس کے ترجمان نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ حملہ پاکستان کے دشمنوں کی کارستانی ہے جو ملک میں امن و امان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہمارے شہید اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملزمان کو جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔
افغان مہاجرین کو روزگار کے شدید مسائل کا سامنا: اقوامِ متحدہ