مقبوضہ مغربی کنارے کی اراضی کو ’ریاستی ملکیت‘ قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے کی پاکستان کی شدید مذمت

دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار اور مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
مقبوضہ مغربی کنارے کی اراضی کو ’ریاستی ملکیت‘ قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے کی پاکستان کی شدید مذمت

February 17, 2026

پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی اراضی کو نام نہاد ’ریاستی ملکیت‘ کے طور پر رجسٹر کرنے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض قوت کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع کی حالیہ کوشش ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے بھی منافی ہیں، لہٰذا عالمی برادری کو انہیں مسترد کرنا چاہیے۔

پاکستان نے کہا کہ قابض قوت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کو مسلسل نظر انداز کرنا اور اشتعال انگیز اقدامات خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ بنانے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار اور مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بستیوں کی توسیع اور اراضی پر قبضہ چوتھے جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یکطرفہ اقدامات کا نوٹس لے اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کرے۔

دیکھیے: پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا، امیر مقام

متعلقہ مضامین

مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا تیسرا اجلاس رواں ماہ پاکستان میں ہوگا، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔

November 9, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیلی اقدامات اور بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری انسانی امداد بڑھانے کی ہدایت کردی۔

November 9, 2026

مریم اورنگزیب نے آئندہ چند روز میں پنجاب میں سموگ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں سے فصلوں کی باقیات اور کوڑا جلانے سے گریز کی اپیل کی ہے۔

November 9, 2026

ہنگو میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 اغوا ہوگئے، پولیس نے پوسٹ کا کنٹرول واپس لے کر حملہ آوروں کا تعاقب شروع کردیا۔

November 9, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *