نئی دہلی: بین الاقوامی سرحدوں پر بھارتی فوج کی نقل و حرکت میں اچانک اور بڑے پیمانے پر اضافے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی ایک بڑی لاجسٹک ٹرین فوجی ساز و سامان اور بھاری گولہ بارود لے کر ریاست گجرات کی بین الاقوامی سرحد کی جانب روانہ کر دی گئی ہے، جس نے خطے میں تزویراتی تناؤ پیدا کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ٹرین میں بڑے پیمانے پر توپ خانے کے گولے اور دیگر اہم جنگی ساز و سامان لدا ہوا ہے۔ گجرات بارڈر کے علاوہ بھارت کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ایسی ہی غیر معمولی عسکری سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں۔ دفاعی ماہرین ان اقدامات کو سرحدوں پر فوج کی مسلسل کمک اور جنگی پوزیشننگ کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔
گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کی تین مختلف بڑی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے انتخابات سے قبل اس قسم کی غیر معمولی سرگرمیاں کسی “فالس فلیگ” آپریشن کی تیاری کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔ عسکری تجزیہ نگاروں کے مطابق، ایسی صورتحال میں آپریشنل راز داری انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
پاکستانی دفاعی حکام سرحد پار ہونے والی ان تمام سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ بھارت میں انتخابی فائدے کے لیے سرحدوں پر کشیدگی بڑھانے کا پرانا طریقہ کار ایک بار پھر دہرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی توجہ اصل مسائل سے ہٹا کر کسی نئے محاذ کی جانب موڑنا ہو سکتا ہے۔