سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی دو کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پہلی کاروائی ضلع کوہاٹ میں خفیہ اطلاع پر کی، جہاں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف اور دیگر جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب آپریشن پر جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
دوسری بڑی کاروائی چارسدہ کے علاقے شبقدر میں عمل میں لائی گئی، جہاں سی ٹی ڈی نے ایک اور کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو مار گرایا۔ ہلاک ہونے والے خوارج کی شناخت حیات خان عرف حیات اللہ، عاصم، اور امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد حیات خان مولانا عزت اللہ کے ٹارگٹ کلنگ کیس میں اشتہاری تھا، جبکہ عاصم ضلع خیبر میں پولیس اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں پر حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ شبقدر آپریشن کے دوران خوارج کے قبضے سے 3 کلاشنکوف اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں مقامات پر کارروائیوں کے بعد فرار ہونے والے دیگر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دیکھیے: تیراہ سے اورکزئی میں داخلے کی کوشش ناکام، شدت پسند سہولت کار سمیت گرفتار