تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس اور العدیری بیرکس کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی امریکہ کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
تہران کا کہنا ہے کہ حملوں میں امریکی فوجی سامان کے گودام، پیٹریاٹ دفاعی نظام، ہیلی کاپٹر ہینگرز، فوجیوں کی رہائش گاہیں اور ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور نشانہ بنے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق ان حملوں کا مقصد کویت کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ وہاں موجود امریکی فوجی تنصیبات تھیں۔ دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کے ان دعوؤں کی تاحال تصدیق نہیں کی۔
کویتی حکام کی جانب سے بھی نقصانات یا جانی نقصان سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس لیے ایرانی دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے اثرات خلیجی خطے کی سلامتی اور بین الاقوامی سیکیورٹی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔