سکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ چند روز میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 49 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی مہم کے تحت کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹ، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تباہ کر دی گئیں۔
بلوچستان میں 37 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مستونگ، ماشکیل، خضدار اور پنجگور اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان کارروائیوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچاتے ہوئے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں۔
علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی یا دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے فتنے کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
دیکھیے: افغانستان میں ٹی ٹی پی، القاعدہ سمیت 20 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں: اقوام متحدہ