واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے خام تیل لے جانے والے 5 بحری جہاز تباہ کر دیے ہیں۔ امریکی ملٹری نے اس کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کر دی ہیں۔
سینٹکام کے مطابق یہ قدم پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے امریکی جنگی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ ایرانی فورسز نے دو روز کے دوران دو مرتبہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی بحری جہاز نے ان میزائل حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔ اس واقعے میں کسی بھی امریکی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تہران نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تو اسے اپنے آئل ٹینکرز سے محروم ہونا پڑے گا۔ امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائی امریکی بحری جہازوں پر حالیہ حملوں کا براہِ راست جواب ہے۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے ایک مختلف دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اردن میں قائم امریکی اہداف کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے اردن میں موجود ایئر بیس پر ایسے کسی بھی میزائل حملے کی تردید کر دی ہے۔
دیکھیے: آبنائے ہرمز میں 3 جہازوں کو نشانہ بنایا، پاسداران انقلاب