بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید ہوگئے۔
واقعہ نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار انسدادِ پولیو مہم کے دوران طبی عملے کی سکیورٹی پر مامور تھے۔
اہلکار معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے دونوں اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ دونوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
سرکاری اسلحہ لے کر فرار
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد شہید اہلکاروں کے سرکاری ہتھیار بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی جمع کیے ہیں۔
شہید اہلکاروں کے جسدِ خاکی ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی oسپتال منتقل کر دیے گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
دیکھیے: لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 خوارج ہلاک