پاک فوج نے کرم سیکٹر میں فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ بھی کی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کی گئی۔ سرحد پر موجود پاکستانی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
طالبان کی فائرنگ کا جواب
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے نشانہ بنایا۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی۔ فورسز نے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
کارروائی میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ توپ خانے کا بھی استعمال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں میں اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کا فوری جواب دینے کے لیے سکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں۔