بلوچستان کے ضلع نارتھ ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کی جانب سے چیئرمین ضلع کونسل کے گھر پر کیا گیا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ علاقے میں موجود بگٹی امن فورس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 13 شرپسندوں کو ہلاک کر دیا۔
واقعہ علاقے بیکڑ میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے چیئرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیر نگرانی بگٹی امن فورس فوری طور پر متحرک ہو گئی۔
رات بھر فائرنگ کا تبادلہ
قبائلی ذرائع کے مطابق شہید فضل خان سب ڈویژن میں دونوں اطراف سے رات بھر شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ مزاحمت کے بعد حملہ آوروں نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ امن فورس کے جوانوں نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور کارروائی کے دوران 13 حملہ آوروں کو مار گرایا۔
فائرنگ کے اس تبادلے میں بگٹی امن فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ تین جوان شدید زخمی ہوئے۔ زخمی جوانوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر بہتر علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ امن فورس کے فوری اور مؤثر ردعمل نے علاقے میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ مقامی سطح پر بگٹی امن فورس کے اس اقدام کو حکومتِ بلوچستان کے انسدادِ دہشت گردی مشن میں عوامی حمایت کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ فی الوقت علاقے میں سیکیورٹی سخت کر کے نگرانی کا عمل مزید بڑھا دیا گیا ہے۔