غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور 13 سالہ بیٹے سمیت کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب بارشوں، تباہ حال نکاسیٔ آب اور پانی کی ناکافی سہولتوں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ اقوام متحدہ نے سیلاب اور متعدی بیماریوں کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
مختلف مقامات پر حملے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی طبی حکام نے بتایا کہ منگل کو غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کی عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب فضائی حملے میں ایک فلسطینی جاں بحق ہوا۔ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔
بعد ازاں غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو بھی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ یہ واقعہ پیر کی رات نابلس کے شمال مغرب میں پیش آیا۔
فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق طبی عملے نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک تیسرے زخمی تک رسائی روک دی اور تین طبی رضاکاروں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھر پھینکنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔
غزہ میں بارشیں اور سیلاب
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں تباہ حال نکاسیٔ آب کا نظام بارشوں کے دوران مزید خطرناک صورت اختیار کرسکتا ہے۔ ادارے کے مطابق شیخ رضوان میں بارش کے پانی کا ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور اس کے بھرنے سے قریبی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
یونیسیف کے مطابق اسرائیل نے اس ذخیرے کی مرمت کے لیے درکار سامان کی درآمد کی اجازت نہیں دی۔ ادارے کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر لاگت آنی تھی اور اس کے لیے اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ تقریباً ایک سال سے کام جاری تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آلودہ پانی سڑکوں اور خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے بے گھر خاندانوں اور بچوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حالیہ شدید بارشوں کے باعث غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے ہیں۔ ایک واقعے میں ریت کا بند گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین کم عمر بچے بھی شامل تھے۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ سیلاب، ناقص صفائی اور پانی و صحت کی ناکافی سہولتوں کے باعث غزہ میں متعدی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
ادارے کے ترجمان کرسچن لِنڈمائر کے مطابق غزہ میں تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو درمیانے یا شدید درجے کے سیلابی خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تحت غزہ کی تعمیرِ نو کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق اختلافات کے باعث اس عمل میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔





