شام سعودی عرب کی درخواست پر یمن میں حوثیوں کے خلاف ممکنہ فوجی تعاون کے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اور برطانوی ذرائع کے مطابق زیر غور تجاویز میں سعودی عرب کو دفاعی معاونت اور فوجی مہارت فراہم کرنے سے لے کر یمن میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کی مدد کے لیے شامی اہلکاروں کی ممکنہ تعیناتی تک مختلف آپشنز شامل ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق سعودی عرب نے شام سے حوثیوں کے خلاف کارروائی میں مدد مانگی ہے۔
یمن لڑائی میں شدت
یمن میں سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز نے حوثیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سعودی عرب بھی فضائی مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ حوثیوں کی جانب سے سعودی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے جاری ہیں۔
رائٹرز کے مطابق رواں ہفتے سعودی ہوائی اڈوں پر حملوں میں 3 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد یمن کی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔
شام کی ممکنہ فوجی شمولیت سے یمن کا تنازع مزید علاقائی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ تاہم دمشق کی جانب سے کسی حتمی فوجی تعیناتی کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
دیکھیے: حوثیوں کا سعودی اہداف پر بڑا حملہ، ریاض سمیت مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ