خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے ہائی اسکول کے قریب نصب ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق بم میں 5 سے 6 کلوگرام بارودی مواد موجود تھا۔
یہ دھماکا خیز مواد ہنگو کے علاقے درسمند میں ہائی اسکول کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور بم کو ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایچ او دوآبہ وحید نور خان کی قیادت میں کی گئی۔ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ خطرے کو ختم کر دیا۔
دوسری جانب ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
پولیس کے مطابق علاقے میں ممکنہ خطرات کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔





