جماعت اسلامی نے 23 اکتوبر سے اسلام آباد سپر لانگ مارچ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے مطابق، جمعہ کو ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی کال بروقت اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
حکومتی مذاکرات میں پیش رفت
لیاقت بلوچ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال نے تجویز دی تھی کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات سے پہلے دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کے نمائندے مل بیٹھیں۔
ان کے مطابق، اس ملاقات میں مذاکراتی کمیٹیوں کو سفارشات حتمی شکل دینا تھی، تاہم اب تک حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے کسی پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت پیٹرول پر فی لیٹر لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گی۔





