خیبرپختونخوا میں نئی صوبائی حکومت نے گورنر راج کے بعد عوامی خدمات اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کر دی ہے۔ صوبے کو مضبوط اور شفاف بنانے کے عزم کے ساتھ باجوڑ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں انتظامی کارروائیاں جاری ہیں۔
باجوڑ کے علاقوں خار بازار اور شنڈئی موڑ میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ناواگئی بازار میں مستقل اور عارضی تجاوزات پر دکانداروں کو حتمی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گرفتاری، ایف آئی آر اور بھاری جرمانوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب، پشاور میں گزشتہ کئی سالوں سے نظر انداز کیے گئے علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خصوصی صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔ چغلپورہ سے جھگڑا تک مین شاہراہ پر 9 ٹیمیں نالیوں اور گٹروں کی صفائی میں مصروف ہیں۔
اس آپریشن کا مقصد نکاسی آب کی رکاوٹوں کو دور کر کے شہر کو صاف ستھرا بنانا ہے۔ صوبائی حکومت نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں اور نالیوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔





