نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست ترابا میں مسلح افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کر کے کم از کم 40 افراد کو ہلاک کر دیا۔ حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کی اور دکانوں سے اشیائے خورونوش بھی لوٹ لیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق حملہ جمعہ کی سہ پہر بناری گاؤں میں کیا گیا۔ پولیس نے بھی تصدیق کی کہ مسلح افراد کے ایک بڑے گروہ نے گاؤں پر دھاوا بولا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پولیس نے ابتدائی طور پر 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ تاہم ہفتے کے روز مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 40 ہو گئی۔
شمالی نائیجیریا میں حالیہ عرصے کے دوران مسلح جرائم پیشہ گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ گروہ دیہات پر حملے، شہریوں کو تاوان کے لیے اغوا اور مویشی چوری کرنے میں ملوث ہیں۔





