خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ، بنوں اور لکی مروت میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز ہلاک کر دیے گئے۔
باجوڑ میں تھانہ برنگ کی حدود میں واقع سیلئی پٹی پولیس پوسٹ پر رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق اہلکار خائستہ مین سید نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا، تاہم وہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔
بنوں کے علاقے برماشل چوک میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکار صدیق زمان کو شہید کر دیا۔ وہ شمالی وزیرستان سی ٹی ڈی میں تعینات تھے اور چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے۔
ادھر لکی مروت کے علاقے تھانہ شہبازخیل کی حدود میں ایم سی بینک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل ممتاز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کی اور کانسٹیبل ممتاز کی شہادت میں ملوث دونوں ٹارگٹ کلرز کو ہلاک کر دیا۔





