اسلام آباد: سیاست گھر کے فارن فنڈنگ واچ نے اسلام آباد میں قائم میڈیا ڈیولپمنٹ اور ڈیجیٹل رائٹس این جی او میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی غیر ملکی فنڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس تنظیم کی قیادت اسد بیگ اور صدف خان کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس این جی او کا اسٹریٹجک رجحان شدید لبرل اور عالمی نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک ہے۔ یہ تنظیم آزادیِ اظہار اور ریاست کے محدود قواعد و ضوابط کی وکالت کرتی نظر آتی ہے۔
تجزئیے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس این جی او کو نیشنل اینڈوومنٹ فار ڈیموکریسی، اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشنز اور یورپی یونین کے حمایت یافتہ منصوبوں سے مالی معاونت حاصل ہے، جس کے ذریعے یورپی یونین کی ترجیحات کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔
رپورٹ میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ این جی او کا ایجنڈا مبینہ سنسرشپ اور پیکاجیسے قوانین کو نشانہ بنا کر پاکستان کے اطلاعاتی نظام کو متاثر کرنا ہے۔ اس پالیسی اور رویے کو قومی سلامتی کی ترجیحات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔





