راولپنڈی کے علاقے نیا محلہ میں تین منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے باعث آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 کی آٹھ گاڑیوں اور عملے نے مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں واقع گنجان آباد علاقے نیا محلہ کی عمارت کی بالائی منزل پر رکھے فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑکی۔ آگ نے قریب موجود بستروں اور گدوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد شعلے عمارت کی دیگر منزلوں تک پھیل گئے۔
عمارت کی نچلی منزل پر کھلونوں کا گودام بھی قائم تھا۔ ذرائع کے مطابق رہائشی عمارت کو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر پلاسٹک کے کھلونے ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ علاقے کی تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ اس دوران عمارت کی خستہ حالی کے باعث اس کے کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے آٹھ گاڑیوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا اور بالآخر اس پر قابو پالیا۔ آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی راجہ طاہر کے مطابق آگ بالائی منزل پر رکھے فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔





