کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے اپنے کمانڈر ان چیف بشیر زیب بلوچ کو عہدے سے الگ کرنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان جئیند بلوچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ تنظیم کی سینئر کمانڈ کونسل نے اعلیٰ سطح کے مشترکہ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر کیا۔
ترجمان کے مطابق نئے کمانڈر ان چیف کے باضابطہ انتخاب تک تنظیم کے تمام عسکری، انتظامی اور پالیسی سازی سے متعلق اختیارات سینئر کمانڈ کونسل کے پاس رہیں گے۔ تنظیم نے اس قدم کو اپنے تنظیمی آئین کے عین مطابق قرار دیا ہے، جس کے تحت کوئی بھی شخص تاحیات سربراہ کے عہدے پر قائم نہیں رہ سکتا۔
بی ایل اے کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قیادت میں یہ تبدیلی مکمل طور پر باوقار اور پرامن ماحول میں انجام پائی ہے اور اس فیصلے سے تنظیم کے اندر کسی قسم کا کوئی اختلاف یا تقسیم پیدا نہیں ہوئی۔ تمام علاقائی اور آپریشنل کمانڈروں نے اس فیصلے کی غیر مشروط توثیق کی ہے۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ قیادت کی اس تبدیلی سے بی ایل اے کی عملیاتی کارروائیوں اور حکمت عملی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور تمام محاذوں پر کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ درپیش مراحل مکمل ہونے کے بعد نئے کمانڈر ان چیف کے نام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔





