اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں اور اسرائیل کے مسلسل اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بارشوں کے باعث خیموں کا زیر آب آنا، بے گھر فلسطینی بچوں کا بے یار و مددگار ہونا اور متاثرہ خاندانوں کا شدید سردی اور بھوک کا سامنا کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔
دوسری جانب غزہ میں شدید بارشوں کے باعث تقریباً 70 ہزار خیمے زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں، جس سے 3 لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد متاثر ہوئے ہیں۔
حماس نے خیموں کے زیر آب آنے کو اسرائیلی محاصرے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں نے غزہ میں انسانی بحران کی سنگینی کو مزید نمایاں کردیا ہے۔ تنظیم نے اسرائیل اور امن کونسل کو بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا ہے۔
حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ بے گھر خاندانوں کو خیموں کے بجائے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جائیں۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل ہنگامی پناہ گاہوں، گرمائش کے آلات اور خیموں کی مرمت کے سامان کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
حماس کے مطابق غزہ میں 3 لاکھ خیموں کی فوری ضرورت ہے۔ اس نے ثالث اور ضامن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امدادی سامان کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
دیکھیے: علامہ اقبال: ایک خواب، ایک فکر





