وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جا سکتے ہیں، تاہم ان کی تشکیل کی بنیاد زبان، نسل یا سیاسی مفادات نہیں ہونے چاہییں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیر بحث ہے۔ ان کے خیال میں ملک میں انتظامی یونٹس تشکیل دینے کی ضرورت ہے، جیسا کہ دنیا کے کئی ممالک میں انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے ایسا نظام موجود ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اگر ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے، اس لیے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی اختیارات تقسیم کرنا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جن کی تعداد بڑھا کر 30 سے 32 کردی گئی۔
انہوں نے تجویز دی کہ صوبائی دارالحکومتوں میں مرتکز اختیارات نئے انتظامی یونٹس کو منتقل کیے جائیں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طاقت کا ارتکاز کم ہو۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وفاق سے منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام تک سہولیات پہنچانا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے اختیار میں ہیں۔ سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، لیکن سیاستدان تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنا چاہتے ہیں۔
دیکھیے: علامہ اقبال: ایک خواب، ایک فکر





