امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اس کے ایجنڈے یا زیر بحث امور کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ ملاقات بظاہر پہلے سے اعلان کردہ سرکاری دورے یا پروگرام کا حصہ نہیں تھی۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں قطر کے اہم کردار کے باعث اس ملاقات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
قطر حالیہ عرصے میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس دوران قطری وفود نے ایران جبکہ ایرانی وفود نے دوحہ کے دورے کیے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان رابطوں کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ نئے معاہدے کے مسودوں اور پیغامات کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں شامل سات شرائط کو قبول کرنا اور ان پر عمل درآمد کسی بھی نئے مذاکرات کے لیے ضروری ہے۔ تہران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کو بھی ان شرائط سے مشروط قرار دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان شرائط پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول اور مضحکہ خیز قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں ان کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔
ٹرمپ اور قطری وزیراعظم کی ملاقات کے بعد یہ واضح ہوسکے گا کہ آیا دونوں رہنما امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں اور ممکنہ معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہیں یا نہیں۔





