راولپنڈی میں خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے، جبکہ پولیس آج مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کو گردن سے نیچے سامنے کی طرف ایک گولی لگی، جو جسم سے آر پار ہو گئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں جسم پر تشدد کے کسی بھی قسم کے نشانات نہیں پائے گئے۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ واقعے کے وقت مقتولہ اپنے شوہر کے ساتھ الماری سے کپڑے نکال رہی تھیں، جس کے دوران اچانک پستول نکل کر فائر ہو گیا۔ پولیس کو تاحال غیرت کے نام پر قتل کے کوئی شواہد موصول نہیں ہوئے ہیں۔
واقعے کے فوری بعد پوسٹ مارٹم کے نمونے، برآمد شدہ پستول اور گولی کا خول حتمی جانچ کے لیے لاہور کی فرانزک لیبارٹری ارسال کیے جا رہے ہیں، تاکہ یہ طے ہو سکے کہ فائر اسی اسلحے سے ہوا تھا یا نہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے اہل خانہ ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دے رہے تھے اور مقدمہ درج کرانے پر آمادہ نہیں تھے۔ تاہم بعد میں مقدمہ ربیعہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقتولہ کے بھائی نے تصدیق کی ہے کہ خاندان نے مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری جانب تھانہ صدر بیرونی کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی تاکہ تمام شواہد کا ازسرنو جائزہ لیا جا سکے۔





