شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11 گرج کے تحت کلیئرنس آپریشن جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف اہم کاميابیاں حاصل کی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 17 کمپاؤنڈز، 28 مکانات اور 14 مراکز کو مکمل کلیئر کر دیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے 3 اہم مراکز کو مسمار کر دیا گیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کارروائی کے دوران 700 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 200 کلوگرام یوریا اور ایک الفاروق میزائل برآمد کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خوارج جان بوجھ کر شہری آبادی اور رہائشی علاقوں کو بطورِ ڈھال استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنی موجودگی چھپا سکیں اور فورسز کی نقل و حرکت کو محدود کر سکیں۔
ترجمان کے مطابق فورسز خوارج کی پناہ گاہوں اور معاون نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ علاقے میں دہشت گردوں کی پیش قدمی کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
میر علی میں جاری یہ آپریشن سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پختہ عزم کا مظہر ہے، جبکہ خطے میں دیرپا امن و امان کی بحالی کے لیے کلیئرنس کا عمل اب بھی جاری ہے۔





